جنوبی افریقہ کی موجودہ کمزور ٹیم سے ٹیسٹ سیریز کے بعد وَنڈے سیریز بھی گنوا چکی ہندوستانی ٹیم کو اب مخالف ٹیم سے طنزیہ جملوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جنوبی افریقی کپتان تیمبا ببوما نے ہندوستانی ٹیم کو سپر اسٹار اور ایک دو پرفارمنس پر منحصر ٹیم قرار دیا ہے، جسے طنز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وَنڈے سیریز جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ ہم آخری میچ بھی جیت کر 3-0 سے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ہماری نظر پوری ٹیم کی طرف سے پرفارمنس کرنے کی ہے، ہم سپراسٹار یا کسی ایک دو پرفارمنس پر منحصر نہیں ہیں۔ سیریز سے قبل ہم سے کسی نے امید نہیں کی تھی کہ ہم جیت جائیں گے، ہم نے یہیں سے جنون حاصل کیا۔

ہندوستانی ٹیم اس وقت شدید بحران سے گزر رہی ہے۔ میدان کے باہر سے لے کر میدان کے اندر تک پوری ٹیم بکھر چکی ہے۔ حالانکہ جنوبی افریقی دورے کی شروعات اچھی رہی تھی اور پہلے ٹیسٹ میں کامیابی بھی ملی تھی لیکن اس کے بعد کھیل کے ہر شعبہ میں ہندوستانی کھلاڑی پچھڑتے چلے گئے اور دورے میں ٹیم مسلسل 4 شکست کا سامنا کر چکی ہے۔ ٹیسٹ میچوں میں ہندوستانی ٹیم نے کچھ مقابلہ تو کیا لیکن وَنڈے میں وہ اب تک پوری طرح پھسڈی ثابت ہوئی ہے۔ روہت شرما کی غیر موجودگی کا اثر ٹیم پر ضرور پڑا ہے، لیکن سب سے زیادہ مایوس گیندبازوں نے کیا۔ بمراہ کو چھوڑ کر کسی نے متاثر نہیں کیا۔