جنوبی کوریا کے جواں سال اور مشہور گلوکار داؤد کِم نے ماہِ مبارک رمضان میں عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے۔ دو سال قبل مذہب اسلام اختیار کرنے والے داؤد نے عمرہ کی تصویر اور ویڈیوز انھوں نے اپنے انسٹاگرام پر ڈالی ہے جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ لوگ انھیں عمرہ کرنے پر مبارکباد بھی دے رہے ہیں اور زندگی میں ان کی کامیابی و کامرانی کے لیے دعا بھی کر رہے ہیں۔
گلوکار اور یوٹیوبر داؤد کِم نے عمرہ کے یادگار موقع کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک پیغام بھی لکھا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ’’میں بالآخر یہاں پہنچ گیا۔ میں خوش قسمت ترین شخص ہوں کیونکہ اللہ نے مجھے منتخب کیا اور وہی مجھے یہاں لے کر آیا۔‘‘ ساتھ ہی داؤد کم یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’اللہ نے مجھے دنیا کے مقدس ترین شہر میں آنے کا موقع دیا۔ میں اپنے تمام مسلمان بہن بھائیوں کے لیے دعا کرتا ہوں کہ خدا ہمارے تمام گناہوں کو معاف کرے۔ رمضان مبارک۔‘‘
واضح رہے کہ جے کم نے دو سال قبل یعنی 2019 میں اسلام قبول کیا تھا اور اپنا نام بدل کر داؤد کم رکھ لیا تھا۔ جب داؤد نے دائرۂ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کیا تھا تو ان کے مداح اس اچانک فیصلے پر حیران رہ گئے تھے۔ اب جب کہ داؤد کم نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے تو ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔