ریاستی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت دہلی کی جانب سے ضلعی ادارہ برائے تعلیم و تربیت دریا گنج کے زیر اہتمام دہلی سرکار کے اسکولوں کے تقریباً 200 اردو اساتذہ کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ تین ادوار پر مشتمل یہ ’اِن سروس ٹریننگ پروگرام‘ 18 ستمبر سے 7 اکتوبر تک چلا۔ پروگرام کے نوڈل آفیسر جناب شجاع الدین (اسسٹنٹ پروفیسر، ڈائٹ دریا گنج) نے بتایا کہ پروگرام میں تقریباً 20 موضوعات پر مختلف ماہرین نے لیکچر دیے اور اساتذہ کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔ ماہرین کی جانب سے اساتذہ کو تدریس میں لاحق مشکلات و مسائل کے حل پیش کیے گئے۔

اس تربیتی پروگرام میں تدریس کے جدید طریقۂ کار اور تعلیمی تصورات پر بھی گفتگو ہوئی۔ نئی تعلیمی پالیسی اور قومی درسیات کے خاکے پر شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروگرام میں جن موضوعات پر سیشن منعقد ہوئے وہ ہیں: نئی تعلیمی پالیسی 2020، قومی درسیات کا خاکہ، آموزشی ماحصل، تعلیم کے جدید تصورات، آرٹ مربوط تدریس، شعری اصناف کی تدریس کے طریقے، نثری اصناف کی تدریس کے طریقے، عملی قواعد، زبان کی بنیادی مہارتیں، املا اور صحت تلفظ، معلم کی ڈائری وغیرہ۔

اس پروگرام میں جن ماہرین نے اپنی خدمات پیش کیں ان میں پروفیسر محمد فاروق انصاری، ڈاکٹر شمیم احمد، ڈاکٹر خان شاہد وہاب، ڈاکٹر انصار احمد، ڈاکٹر محمد ارشد، ڈاکٹر شبنم ناز، ڈاکٹر سلمان فیصل، ڈاکٹر فرحان بیگ وغیرہ شامل ہیں۔ پروگرام کو دلی سرکار کے راؤز اوینو اسکول، راج نواس مارگ اسکول اور بلبلی خانہ اسکول میں سالم رضا اور دُرّ ثنا نے کوآرڈینیٹ کیا۔