وزیر اعظم نریندر مودی نے ’من کی بات‘ میں تنزانیہ کے جس بھائی-بہن کا تذکرہ کیا ہے وہ ہندوستان میں کافی مقبول ہیں۔ وزیر اعظم نے پروگرام میں کہا کہ تنزانیہ کے بھائی-بہن کلی پال اور نیما کے اندر ہندوستانی موسیقی کو لے کر ایک جنون ہے، ایک دیوانگی ہے اور اسی وجہ سے وہ کافی مقبول ہیں۔ ’من کی بات‘ میں تنزانیہ کے اس بھائی-بہن کے تذکرہ کے بعد ایسے لوگ بھی ان کے بارے میں جاننے کے لیے بے قرار ہیں جو انھیں نہیں جانتے۔

دراصل کِلی اور نیما تنزانیہ میں رہنے والے بھائی-بہن کی ایسی جوڑی ہے جنہوں نے آن پوائنٹ لِپ سِنسنگ ویڈیو اور گُروی کوریوگرافی کے ساتھ سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے۔ دونوں بھائی-بہن اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ہندی گانوں پر ’لِپ سنسنگ‘ کی ویڈیوز اور ڈانس ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہندوستان میں کافی مقبول ہو گئے ہیں۔ کِلی اور نیما کی ہندوستانی موسیقی اور نغموں کو اس قدر فروغ دینے پر تنزانیہ میں واقع ہائی کمیشن آف انڈیا کی طرف سے انہیں اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔

حال ہی میں دونوں بھائی-بہن نے ٹریڈیشنل ماسئی پوشاک پہن کر ’شیر شاہ‘ فلم کے گانے ’راتا لمبیاں‘ پر اپنا لپ سنسنگ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ لپ سنسنگ اور ان کے رقص کا انداز لوگوں کو خوب محظوظ کر رہا ہے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل بھی ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ بھی کچھ ہندی گانوں پر دونوں بھائی-بہن نے لِپ سنسِنگ ویڈیوز بنائی ہیں۔