سوشل میڈیا پر اگر آپ کسی کا اکاؤنٹ مسلم نام سے دیکھیں تو یہ نہ سمجھیں کہ اس کا کنٹرول مسلم شخص کے ہاتھ میں ہے۔ کئی ایسے معاملے سامنے آ چکے ہیں جب شرپسند غیر مسلم افراد مسلم نام سے اکاؤنٹ بنا کر نفرت کا بازار گرم کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک معاملہ کرناٹک میں سامنے آیا ہے۔ کوڈاگو ضلع میں ایک ایسے شخص کی گرفتاری ہوئی ہے جس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مسلم نام سے اکاؤنٹ بنایا اور کوڈوا طبقہ کی دیوی کاویری اور خواتین کے بارے میں قابل اعتراض تبصرے پوسٹ کیے۔
اس تعلق سے پولس نے بتایا کہ انسٹاگرام پر دیوی کاویری اور کوڈوا طبقہ کی خواتین کے بارے میں مبینہ طور سے قابل اعتراض پوسٹ کے معاملے میں کوڈاگو ضلع باشندہ دیوین دیویا کی گرفتاری ہوئی ہے۔ اس پر ایک مسلم نام سے اکاؤنٹ بنا کر قابل اعتراض پوسٹ اَپلوڈ کرنے کا الزام ہے۔ قابل ذکر یہ ہے کہ دیوین دیویا کا تعلق کوڈوا طبقہ سے ہی ہے۔ یعنی وہ اپنے طبقہ کی خواتین پر ہی غلط تبصرے کرتا تھا۔
پولس کا کہنا ہے کہ پوچھ تاچھ کے دوران دیوین نے بتایا کہ وہ ملحد ہے۔ اس نے صرف تفریح کی خاطر اکاؤنٹ بنایا تھا اور (قابل اعتراض) مواد پوسٹ کیا تھا۔ پولس نے بتایا کہ پوسٹ سے ناراض کوڈوا طبقہ کے لوگوں نے اس بارے میں شکایت کی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 جولائی کو انسٹاگرام اکاؤنٹ سے قابل اعتراض پوسٹ کیا گیا، اور شکایت کے بعد دیوین کی گرفتاری 17 جولائی کو عمل میں آئی۔