سلویٰ لورین برطانوی گلوکارہ ہیں اور انھیں موسیقی سے بے انتہا محبت ہے۔ انھوں نے اپنی گلوکاری سے لاکھوں لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی، لیکن پھر ایک وقت ایسا آیا جب پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے متاثر ہو کر مذہب اسلام اختیار کیا اور دنیا کی رنگینیوں کو الوداع کہہ دیا۔ سلویٰ طویل مدت کے بعد ’طلع البدر علینا‘ (ہم پر پورا چاند نکل آیا) نغمہ گاتی ہوئی نظر آئیں اور سبھی کو حیران کر دیا۔ گلوکاری کے دوران انھوں نے جس طرح عربی الفاظ کی ادائیگی کی، اور جس روحانیت کے ساتھ اس نغمہ کو آواز دی، وہ ایک سرور پیدا کرتا ہے۔ یہ نغمہ انھوں نے نئے ہجری سال کی آمد پر اپنے یوٹیوب چینل پر اَپلوڈ کیا ہے جسے اب تک تقریباً 60 ہزار لوگ دیکھ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 2015 میں مذہب اسلام اختیار کر چکی سلویٰ نے اپنا یوٹیوب چینل گزشتہ 4 جولائی کو بنایا اور پہلی ہی ویڈیو کامیاب ثابت ہوئی۔ خصوصاً عرب ممالک میں ’طلع البدر علینا‘ کو لوگ خوب پسند کر رہے ہیں۔ ویڈیو ریلیز کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد ہی سلویٰ لورین ٹرینڈ کرنے لگی تھیں اور سوشل میڈیا پر ان کی سحر انگیز آواز کی تعریفیں ہونے لگیں۔

غور طلب یہ ہے کہ ویڈیو کے شروع میں ہی سلویٰ نے کچھ ایسا لکھا جس نے سبھی کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔ وہ لکھتی ہیں ’’تاریکی میں، اسلام میری روشنی ہے، جہاں مجھے سکون ملا۔ آپ کے لیے، میرے پیغمبر، محمد۔‘‘ ویڈیو میں سلویٰ حجاب پہنے پیانو بجاتی نظر آ رہی ہیں۔