برطانوی باشندہ جینفر پروکٹر اپنی چھٹیاں منانے کے لیے اسپین گئی تھی۔ 27 سالہ جینفر 40 فیٹ اونچے واٹر سلائیڈ سے نیچے آ رہی تھی جب اس کے ساتھ خطرناک واقعہ پیش آیا اور پھر اس کی زندگی ہی بدل گئی۔ وہ واٹر پارک میں لطف اٹھا رہی تھی اور میجورکا کے واٹر سلائیڈ میں نیچے کی طرف جا رہی تھی جب اچانک اس کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگ گئی۔ یہ حادثہ 2019 میں پیش آیا تھا اور اب جینفر نے اپنے ساتھ ہوئے نقصان کے ازالہ کے لیے واٹر پارک کی کمپنی کے سامنے 5 لاکھ یورو کا مطالبہ رکھا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے فوراً بعد جینفر پروکٹر کو اسپتال لے جایا گیا تھا۔ اکوالینڈ واٹر پارک میں ہوئے اس حادثے کے بعد خاتون کی سرجری کی گئی۔ آپریشن کے بعد وہ یہ دیکھ کر حیران تھی کہ 5 فیٹ 11 انچ سے کم ہو کر اس کی لمبائی 5 فیٹ 7 انچ رہ گئی۔ جینفر کا کہنا ہے کہ ’’میں نے سوچا تھا کہ اپنی چھٹیوں سے لطف اٹھاؤں گی۔ لیکن ان چھٹیوں میں سب کچھ بدل گیا۔ رشتہ داروں اور دوستوں سے دور مجھے بیرون ملک میں سرجری کروانی پڑی۔ یہ میری زندگی کا برا تجربہ تھا۔‘‘

جینفر اس حادثہ سے پہلے ٹیچر تھی۔ لیکن اس واقعہ کے بعد ملازمت ترک کرنی پڑی۔ اب جینفر نے واٹر پارک کی کمپنی اسپینش لیزر کارپوریشن ایسپرو اوسیو ایس.اے اور بیمہ کمپنی لبرٹی سیگورَس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس نے عدالت میں معاملہ داخل کر دیا ہے۔