دنیا کے انتہائی نایاب سیاہ ہیرے کی نمائش اس وقت دبئی کے سدوبیز میں چل رہی ہے۔ یہ ہیرا گزشتہ 17 جنوری کو پہلی بار عوام کے سامنے لایا گیا جو کہ 20 جنوری تک وہیں موجود رہے گا۔ 555 قیراط کے اس سیاہ ہیرے کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ نمائش کے بعد لندن اور لاس اینجلز لے جانے سے قبل نیلامی کا عمل انجام پائے گا۔ یہ ہیرا دبئی ڈائمنڈ ایکسچینج میں رکھا جائے گا جہاں 3 سے 9 فروری تک آن لائن بولی لگے گی۔
کاربونیڈو بلیک ڈائمنڈ اور اینگما نامی اس نایاب ترین سیاہ ہیرے کے بارے میں مشہور ہے کہ اس کی عمر 2 سے 3 ارب سال ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ زمین سے ٹکرانے والے شہاب ثاقب سے بنا ہے۔ اس ہیرے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج ہے۔
یہ ہیرا اپنی جسامت میں بھی کافی بڑا ہے، اسی لیے ریکارڈ بک میں نام درج کرا سکا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی شکل مشرق وسطیٰ کے ہتھیلی نما خمسہ سے ملتی جلتی ہے جو نظر بد سے محفوظ رکھنے والی علامت کے طور پر مشہور ہے۔ خمسہ کا تعلق پانچویں ہندسے سے ہے اور یہ ہیرا نہ صرف 555.55 کا سائز رکھتا ہے بلکہ اس کے ٹھیک 55 پہلو بھی ہیں۔ یہ ہیرا متحدہ عرب امارات میں خریداری کے لیے سب سے پہلے دستیاب ہوگا جو کرپٹو کرنسی کے ذریعے خریدا جا سکے گا۔