یو جی سی (یونیورسٹی گرانٹس کمیشن) نے گریجویشن کی تعلیم کے لیے کچھ نئے اصول تیار کیے ہیں۔ تیار مسودہ کے مطابق اب طلبا کو ’آنرس‘ کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے تین کی جگہ چار سال خرچ کرنے ہوں گے۔ قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق تیار کردہ چار سالہ گریجویشن پروگرام کے لیے نصاب اور کریڈٹ فریم ورک کا مسودہ 12 دسمبر کو نوٹیفائی کیے جانے کا امکان ہے۔
نئے مسودہ کے مطابق اب طلبا کو گریجویشن کورس مکمل کرنے کے لیے وقت کی بندش نہیں رہے گی۔ یعنی طلبا بچے ہوئے کورس کو 10 سال بعد بھی مکمل کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں پوسٹ گریجویشن کے پہلے سال کے کورس کو انڈر گریجویٹ کے چوتھے سیشن میں شامل کیا جائے گا۔ اس وجہ سے گریجویشن کا کورس اب 3 کی جگہ 4 سال کا ہو جائے گا۔ طلبا 120 کریڈٹ (اکیڈمک گھنٹوں کی تعداد سے پیمائش ہوتی ہے) پورا ہونے پر 3 سال میں گریجویشن ڈگری اور 160 کریڈٹ پورا ہونے پر 4 سال میں گریجویشن آنرس کی ڈگری حاصل کر پائیں گے۔
نئے اصول کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اگر کوئی طالب علم درمیان میں پڑھائی چھوڑتا ہے تو بھی اسے سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ مثلاً گریجویشن کر رہے کسی طالب علم نے پہلے سیشن میں پڑھائی چھوڑ دی تو اسے ’سرٹیفکیٹ‘ دیا جائے گا، دوسرا سیشن کر کے چھوڑنے پر ’ڈپلوما سرٹیفکیٹ‘ ملے گا۔ اسی طرح تین سال کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ’بیچلر‘ ڈگری، اور چوتھے سال کی تعلیم مکمل کرنے پر ’بیچلر ریسرچ‘ کی ڈگری فراہم کی جائے گی۔