پراٹھے کسے پسند نہیں۔ کسی کو آلو کے پراٹھے اچھے لگتے ہیں، تو کسی کو گوبھی اور پیاز کے پراٹھے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی 32 انچ کے پراٹھے کے بارے میں سنا ہے؟ اگر نہیں، تو آئیے آج ہم آپ کو بتاتے ہیں جئے پور کے نیوسانگانیر روڈ پر واقع ’جئے پور پراٹھا جنکشن‘ میں بننے والے اس پراٹھے کے بارے میں۔ سب سے پہلے تو آپ یہ جان لیں کہ اگر آپ نے 32 انچ والے دو پراٹھے ایک گھنٹے میں کھا لیے تو ایک لاکھ روپے کا نقد انعام کے حقدار بن جائیں گے۔ اتنا ہی نہیں، ریستوراں کی جانب سے آپ تاحیات مفت پراٹھا کھا سکیں گے۔

اب پراٹھے کی خوبیوں کے بارے میں بھی جان لیں۔ اس پراٹھے کو بنانے میں 20 طرح کے مسالوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ریستوراں کا دعویٰ ہے کہ یہ خاص طرح کے مسالے ہوتے ہیں جو پراٹھے کی لذت میں اضافہ کرتے ہیں۔ ایک پراٹھے میں 2 کلو آٹا اور 1.5 کلو اسٹفنگ کا استعمال ہوتا ہے۔ اس کو تنہا کھانا ہی نہیں بنانا بھی مشکل کام ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک پراٹھا چار لوگ مل کر کھا سکتے ہیں۔ اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ دو پراٹھا ایک گھنٹے میں کسی ایک شخص کے لیے کھانا کتنا دشوار ہوگا۔ اس پراٹھے کو بنانے کے لیے ریستوراں نے 5 فیٹ کا توا بنوایا ہے اور 40 انچ کے بیلن سے اسے بیلا جاتا ہے۔ پلٹنے کے لیے 30 انچ کے بیس والے پلٹے کا استعمال ہوتا ہے۔