مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 4 اپریل کو لوک سبھا میں کچھ ایسا کہہ دیا جسے سن کر ایوان میں قہقہہ لگنے لگا۔ دراصل امت شاہ نے اپنے بولنے کے انداز پر لوک سبھا میں کہا ’’میں کسی کو ڈانٹتا نہیں ہوں۔ یہ میرا مینوفیکچرنگ ڈفیکٹ ہے۔‘‘ یہ بیان دیتے ہوئے امت شاہ خود بھی مسکرا رہے تھے، اور ایوان میں موجود سبھی لوگ بھی ہنستے ہوئے دیکھے گئے۔
لوک سبھا میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امت شاہ ’کریمنل پروسیجر بل‘ پیش کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس بل کے قانون بن جانے کے بعد مجرمانہ معاملوں کی جانچ آسان ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ پہلے کے مقابلے زیادہ تیزی سے جانچ کی جا سکے گی۔ وہ جب بل کے بارے میں ایوان میں جانکاری دے رہے تھے، تو اسی دوران کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری کچھ کہنے لگے۔ اس پر امت شاہ نے کہا کہ ’’میں دادا کی طرف سے اٹھائے گئے سبھی سوالوں کا جواب دوں گا۔‘‘
امت شاہ جب دوبارہ بل سے متعلق بات کرنے لگے تو پھر ادھیر رنجن نے ٹوک دیا۔ اس پر امت شاہ نے ان سے تھوڑا سخت انداز میں بات کی۔ اس عمل پر ترنمول کانگریس کے لیڈر نے کہا ’’وزیر محترم نے دادا سے غصے میں بات کی ہے۔‘‘ اسی بات پر امت شاہ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں کبھی کسی پر غصہ نہیں ہوتا ہوں۔ میری آواز ہی ایسی ہے۔ یہ میرا مینوفیکچرنگ ڈفیکٹ ہے۔ میں غصہ نہیں ہوتا۔ ہاں، کشمیر ایشو کی بات الگ ہے۔‘‘