بہار کے گیا ضلع میں 16 فروری کو ایک مثالی تقریب شادی خانہ آبادی کا انعقاد ہونے والا ہے۔ اس شادی کے لیے لڑکی والوں نے جو کارڈ شائع کیا ہے، وہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ دراصل اس کارڈ پر کچھ ایسے جملے لکھے گئے ہیں جو سماجی بیداری کا بہترین نمونہ ہیں۔ لڑکی والوں نے شادی میں جن لوگوں کو دعوت دی ہے، ان کے لیے کارڈ پر چار خصوصی ہدایات درج کی گئی ہیں۔ یہ چاروں ہدایات موجودہ وقت میں انتہائی اہم اور سبھی کے لیے قابل تقلید بھی ہیں۔

شادی کارڈ پر جو ہدایات تحریر کی گئی ہیں وہ اس طرح ہیں: 1. شراب پی کر آنا سخت منع ہے، 2. ماسک لے کر ہی اندر آئیں، 3. اسلحہ لے کر آنا ممنوع ہے، 4. جہیز سے پاک شادی میں آپ سب کا استقبال ہے۔ کارڈ میں موجود چوتھی بات دراصل ہدایت نہیں بلکہ ایک جانکاری ہے جو جہیز کی لعنت سے دور رہنے کے لیے لوگوں کو بیدار کر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گیا ضلع کے گوال بیگھا محلہ باشندہ بھولا یادو نے اپنی بڑی بیٹی کی شادی کے موقع پر یہ کارڈ چھپوایا۔ بھولا یادو سماجی کارکن ہیں اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے شراب بندی قانون سے بہت متاثر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے شادی میں شراب پی کر آنے والے اشخاص کا داخلہ ممنوع کر دیا ہے۔ گوپال یادو کے ذریعہ سماجی بیداری پیدا کرنے کے اس طریقے کی ہر جگہ تعریف ہو رہی ہے۔