آج 11 ستمبر ہے، یعنی ایشیا کپ ٹی-20 مقابلے کے فائنل میچ کا دن۔ سبھی دوبئی میں کھیلے جانے والے ہندوستان بمقابلہ پاکستان کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے تیار ہیں۔ حیران نہ ہوں، ایشیا کپ-2022 کا فائنل میچ بھلے ہی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا لیکن یہ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ بھی ہے۔ بلے بازی اور گیندبازی دونوں شعبے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بالادستی کی لڑائی آج اس وقت دیکھنے کو ملے گی جب سری لنکا سے خطابی مقابلہ کھیلنے پاکستانی ٹیم میدان میں اترے گی۔
دراصل اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی نے 5 میچوں میں سب سے زیادہ 276 رن بنائے ہیں۔ ان کے پیچھے ہیں پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان۔ انھوں نے 5 میچوں میں 226 رن بنائے ہیں۔ یعنی کوہلی سے رضوان 50 رن پیچھے ہیں۔ اگر فائنل میچ میں وہ 50 کا اسکور پار کرنے میں کامیاب ہوئے تو بلے بازی کے شعبہ میں پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔ تیسرے مقام پر افغانستان کے ابراہیم زاردان (196 رن) ہیں۔
گیندبازی کے شعبہ میں بھی کچھ ایسی ہی حالت ہے۔ ہندوستانی گیندباز بھونیشور کمار 5 میچوں میں 11 وکٹ لے کر سرفہرست ہیں۔ پاکستانی گیندباز محمد نواز نے 5 میچوں میں 8 وکٹ لیے ہیں، یعنی 3 وکٹ پیچھے ہیں۔ تیسرے مقام پر شاداب خان (پاکستان) ہیں جنھوں نے 4 میچوں میں 7 وکٹ لیے ہیں۔ یعنی مقابلہ زبردست ہونے والا ہے۔ تو تیار ہو جائیے ٹی-20 ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستان اور پاکستان کی پنجہ آزمائی دیکھنے کے لیے۔