ہندوستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ایک ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت ہو گئی ہے۔ اس خبر کے بعد پورے ملک میں غم کا ماحول ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی سرکردہ شخصیات نے ہیلی کاپٹر حادثہ پر اظہارِ افسوس کیا۔ جنرل راوت اور ان کی بیوی مدھولیکا راوت سمیت 14 افراد ہندوستانی فضائیہ کے جس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے، وہ 8 دسمبر کی دوپہر تمل ناڈو کے نیلگری ضلع میں حادثہ کا شکار ہوا۔
’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر پر سوار 14 میں سے 13 افراد کی موت ہو گئی ہے، جب کہ بری طرح جھلس چکے ایک شخص کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا ہے ’’بے حد افسوس کے ساتھ بتانا پڑ رہا ہے کہ جنرل بپن راوت، محترمہ مدھولیکا راوت اور ہیلی کاپٹر میں سوار 11 دیگر لوگوں کی اس حادثہ میں موت ہو گئی ہے۔‘‘
اس سے قبل ہندوستانی فضائیہ نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف اس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جو حادثہ کا شکار ہوا۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’’فضائیہ کے ایم آئی-17وی5 ہیلی کاپٹر، جس میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت سوار تھے، آج کونور (تمل ناڈو) کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو گیا۔ حادثہ کی وجہ پتہ لگانے کے لیے جانچ کا حکم صادر کر دیا گیا ہے۔‘‘