فلم ’باہوبلی‘ سے پورے ہندوستان میں اپنی ایک الگ شناخت بنا چکے جنوبی ہند کے اداکار پربھاس کی فلم ’رادھے شیام‘ بہت جلد ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم کا دھماکہ دار ٹریلر ریلیز ہو چکا ہے جس نے ان کے چاہنے والوں میں انتظار کی شدت بڑھا دی ہے۔ ٹریلر کی شروعات بیک گراؤنڈ ڈائیلاگ سے ہوتی ہے جس میں کہا جارہا ہے ’’سن، اگلی بار ماں پوچھے گی تو کہہ دینا میری قسمت میں پیار-شادی دونوں نہیں ہے۔‘‘

’رادھے شیام‘ کا ٹریلر دیکھنے سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ فلم کا بجٹ کافی زیادہ ہے۔ اس میں خوبصورت لوکیشن اور شاندار وی ایف ایکس کا استعمال کیا گیا ہے۔ پربھاس فلم میں وکرمادتیہ نامی نجومی کا کردار نبھا رہے ہیں۔ ان کے ساتھ فلم میں پوجا ہیگڑے نظر آئیں گی۔ ٹریلر میں ڈوبتے جہاز کا منظر دیکھ کر فلم ’ٹائٹینک‘ کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔ ریلیز ٹریلر میں پربھاس پوری طرح چھائے ہوئے ہیں، اور یہ عام عشقیہ داستانوں سے بہت مختلف ہے۔

فلم ’رادھے شیام‘ کا ٹریلر لانچ کر کے پربھاس نے اپنے شیدائیوں کو نئے سال کا تحفہ تو دے دیا ہے، اب انتظار 14 جنوری کا ہے۔ اسی دن فلم بڑے پردے پر ریلیز ہوگی۔ رادھا کرشن کی ہدایت کاری میں بنی یہ فلم تمل، تیلگو، کنڑ، ملیالم اور ہندی زبان میں ریلیز ہوگی۔ پروڈیوسر وامسی کرشنا ریڈی، پرمود اُپلپتی اور بھوشن کمار ہیں۔ فلم میں سچن کھیڑیکر، پریہ درشی پُلیکونڈا، بھاگیہ شری، کنال رائے کپور بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔