آئندہ ماہ یعنی 10 فروری سے 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ان 5 ریاستوں میں سے 4 ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے اور ایک میں کانگریس برسراقتدار ہے۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ پانچوں ریاستوں میں بی جے پی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ اس درمیان آج (10 دسمبر) ٹوئٹر پر ’گڈ بائے بی جے پی‘ ٹرینڈ کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ کئی لوگ بی جے پی حکومت کی خامیاں شمار کرا رہے ہیں اور کئی بی جے پی-آر ایس ایس کی نفرت آمیز سیاست سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ ٹوئٹر پر ’ہیش ٹیگ گڈ بائی بی جے پی‘ کا استعمال کرتے ہوئے کئی دلچسپ ویڈیوز اور پوسٹس شیئر ہو رہے ہیں۔

ایک ویڈیو تمل یوزر نے ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے جو قابل دید ہے۔ ویڈیو میں امت شاہ نظر آ رہے ہیں جو بی جے پی کارکنان اور کچھ لوگوں کے درمیان کھڑے ہیں۔ امت شاہ کے ساتھ کھڑی خاتون بی جے پی لیڈر ایک کمسن بچی کو بی جے پی کی ٹوپی پہنانے کی کوشش کرتی ہے لیکن بچی اسے ہٹا دیتی ہے۔ پھر امت شاہ اس بچی کو گود میں لے لیتے ہیں اور بی جے پی کی ٹوپی خود پہنانے کی کوشش کرنے لگتے ہیں۔ بچی ہر بار اپنے سر سے وہ ٹوپی ہٹا دیتی ہے اور صرف وہی ٹوپی پہنتی ہے جو اس نے پہلے سے پہن رکھی تھی۔ ٹوئٹر یوزر نے اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن لگایا ہے ’’ہندوستان کی نئی نسل کتنی سمجھدار ہے۔‘‘