نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ نے ٹیسٹ میچوں میں اپنے 300 وکٹ مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں 5 وکٹ لے کر انجام دیا۔ ٹرینٹ بولٹ کی خطرناک گیندبازی کی بدولت کیوی گیندبازوں نے پہلے ٹیسٹ میں فتحیاب بنگلہ دیشی ٹیم کو سبق سکھاتے ہوئے پہلی پاری میں صرف 126 رن پر ہی سمیٹ دیا۔
ٹرینٹ بولٹ نے پہلے ٹیسٹ میں خراب مظاہرہ کیا تھا، لیکن کرائسٹ چرچ کی پہلی اننگ میں صرف 43 رن دے کر 5 وکٹ جھٹکے۔ بولٹ نے اپنا 300واں شکار مہدی حسن کو بنایا۔ بولٹ ٹیسٹ میچوں میں 300 وکٹ لینے والے نیوزی لینڈ کے چوتھے گیندباز ہیں۔ ان سے قبل یہ کارنامہ رچرڈ ہیڈلی، ڈینیل ویٹوری اور ٹم ساؤتھی انجام دے چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے لیے بولٹ (75 ٹیسٹ میں) سے تیز صرف رچرڈ ہیڈلی (61 ٹسٹ میں) نے یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
غور طلب ہے کہ 32 سالہ ٹرینٹ بولٹ نے 2011 میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد سے انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ہر فارمیٹ میں کیوی ٹیم کے اہم گیندباز ثابت ہوئے۔ بولٹ نے 75 ٹیسٹ میچوں میں 27.28 کی اوسط اور 55.1 کی اسٹرائک ریٹ کے ساتھ اپنے یہ 300 وکٹ لیے ہیں۔ ان کا ایک اننگ میں سب سے بہترین مظاہرہ 30 رن دے کر 6 وکٹ رہا ہے۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے 9 بار اننگ میں 5 وکٹ جبکہ ایک ٹیسٹ میں ایک بار 10 وکٹ لیے ہیں۔