کیا آپ یقین کریں گے کہ بریانی کھانے سے مردانہ طاقت کو نقصان پہنچتا ہے؟ یہ الزام مغربی بنگال کے کوچ بہار علاقہ میں موجود بریانی کی دکانوں سے بریانی کھانے والے کچھ لوگوں نے عائد کیا ہے۔ اس بات کو لے کر اتنی شکایتیں سامنے آئیں کہ کوچ بہار میونسپلٹی کے سربراہ اور ترنمول کانگریس لیڈر ربیندرناتھ گھوش نے متنازعہ دکان کو ہی بند کروا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے مقامی لوگوں کے ذریعہ شکایتیں کی جا رہی تھیں۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ربیندرناتھ گھوش کی قیادت میں ایک ٹیم بریانی دکان پر پہنچی اور پایا کہ ان کے پاس کوئی ٹریڈ لائسنس نہیں ہے۔ اس کے بعد وہاں موجود دو بریانی کی دکانوں کو بند کروا دیا گیا۔
ربیندرناتھ گھوش کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں سے لگاتار شکایتیں مل رہی تھیں کہ ان دکانوں میں بریانی بنانے کے لیے نہ جانے کن مسالوں کا استعمال ہو رہا ہے کہ مردانہ کمزوری پیدا ہو رہی ہے۔ ربیندرناتھ کا کہنا ہے کہ ’’کچھ دنوں سے بہار اور یوپی کے لوگ آ کر یہاں بریانی فروخت کر رہے ہیں۔ رات بھر ہنگامہ کا ماحول رہتا ہے۔ ایسے میں جب شکایتیں ملیں تو جانچ کی گئی، اور پتہ چلا کہ دکانوں کے پاس ٹریڈ لائسنس ہی موجود نہیں۔ پھر انھیں بند کروا دیا گیا۔‘‘ قابل ذکر یہ ہے کہ اس کارروائی کے خلاف دکان کے مالکوں کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ دکان مالکان نے اپنے اوپر عائد الزامات سے متعلق کوئی صفائی بھی نہیں دی ہے۔