ہندوستان کے نوجوان تیز گیندباز عمران ملک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ضرور رہے، لیکن کسی بھی میچ میں انھیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ اس بات سے عمران ملک کے شیدائی بہت ناراض ہیں۔ ان کا یہ غصہ اس وقت زوردار انداز میں سوشل میڈیا پر پھوٹا جب 22 نومبر کو بی سی سی آئی نے عمران ملک کے یومِ پیدائش پر انھیں مبارکباد پیش کی۔ اس ٹوئٹ پر تیزی کے ساتھ تبصرے کیے جانے لگے اور بیشتر میں بی سی سی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

دراصل بی سی سی آئی نے عمران ملک کی تصویر کے ساتھ کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’ٹیم انڈیا کے نوجوان پیس سنسیشن (تیز گیندباز) عمران ملک کو یوم پیدائش پر نیک خواہشات۔‘‘ اس ٹوئٹ پر ایک ٹوئٹر صارف نے سوال کر دیا کہ ’’انھیں موقع کب دیں گے؟‘‘ ایک دیگر نے تبصرہ کیا کہ ’’کیوں نوجوان کھلاڑی کا ٹیلنٹ برباد کر رہے ہو۔‘‘

غور طلب ہے کہ عمران ملک نے گزشتہ آئی پی ایل ٹورنامنٹ میں اپنی تیز رفتار گیندبازی سے سبھی کو متاثر کیا تھا۔ کئی غیر ملکی کرکٹ ماہرین نے بھی عمران کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ٹیلنٹ کا صحیح استعمال نہیں کیا گیا تو ہندوستان کو ہی نقصان ہوگا۔ عمران ملک نے آئی پی ایل 2022 میں 14 میچ کھیلتے ہوئے 444 رن دے کر 22 وکٹ لیے تھے۔ وہ وکٹ لینے کے معاملے میں ٹورنامنٹ کے چوتھے سب سے بہترین گیندباز ثابت ہوئے تھے۔