ریتک روشن اور صبا آزاد کا رشتہ ان دنوں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ دونوں کبھی ڈنر ڈیٹ پر تو کبھی لنچ کا لطف لیتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں۔ سبھی یہ جاننا چاہ رہیں کہ آخر ان دونوں کی پہلی ملاقات کس طرح ہوئی۔ اس کا جو جواب سامنے آ رہا ہے وہ انتہائی دلچسپ ہے۔ دراصل ریتک اور صبا کی جوڑی بنانے میں سب سے اہم کردار ٹوئٹر کا ہے۔ دونوں کی پہلی بات چیت بس یونہی سوشل میڈیا پر ہوئی اور دھیرے دھیرے دونوں ایک دوسرے کے بے حد قریب آ گئے۔
شروع میں یہ خبر آئی تھی کہ ریتک اور صبا ایک آن لائن ڈیٹنگ ایپ پر ملے تھے۔ لیکن ایک نئی رپورٹ نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ دونوں کی دوستی ٹوئٹر سے شروع ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ریتک نے جب ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کیا تھا جس میں صبا آزاد اور ایک ریپر تھے، اس پر صبا نے ریتک کو ان کی حوصلہ افزائی کے لیے شکریہ کہا تھا اور پھر ’ڈی ایم‘ کے ذریعہ دونوں میں بات چیت شروع ہو گئی۔
ریتک روشن اور صبا آزاد کے رشتے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ وہ اسے چھپانے کی کوشش نہیں کر رہے۔ دونوں کی نزدیکیوں کے بارے میں سبھی کو پتہ ہے۔ ابھی حال ہی میں صبا آزاد ریتک کی فیملی سے بھی ملی تھیں۔ اب ان کے شیدائی بس یہی انتظار کر رہے ہیں کہ یہ رشتہ اپنے بہتر انجام کو پہنچ جائے اور جلد شادی کی خبر ملے۔