عیدالاضحیٰ کی تیاریاں پوری دنیا میں زور و شور سے جاری ہیں۔ قربانی کے لیے مویشی کی خریداری بھی تیز ہو گئی ہے۔ اس درمیان پاکستان سے ایک حیران کرنے والی خبر سامنے آ رہی ہے۔ عیدالاضحیٰ کے ٹھیک دو دن پہلے مشہور پاکستانی کرکٹر کامران اکمل کا بکرا چوری ہو گیا ہے۔ یہ بکرا قربانی کے مقصد سے ہی خریدا گیا تھا، لیکن علی الصبح تاریکی کا فائدہ اٹھا کر کوئی اسے لے گیا۔
کامران اکمل کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ ایک دن پہلے ہی 6 بکروں کی خریداری کی گئی تھی۔ ان سبھی کی قربانی الگ الگ ناموں سے دی جانی تھی۔ کامران کے اہل خانہ نے لاہور میں اپنی ذاتی ہاؤسنگ سوسائٹی کے باہر ان 6 بکروں کو باندھا تھا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چوری کی واردات علی الصبح تقریباً 3 بجے ہوئی۔ اس وقت بکروں کی پہریداری کرنے والا ملازم نیند کی وجہ سے سو گیا تھا۔ جب صبح اس کی آنکھ کھلی تو ایک بکرا غائب تھا۔ پھر یہ خبر تیزی کے ساتھ پورے علاقے میں پھیل گئی۔
کامران اکمل کے والد محمد اکمل کا کہنا ہے کہ لاپتہ بکرا دراصل خریدے گئے 6 بکروں میں سب سے اچھا تھا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ چوری ہوئے بکرے کی قیمت 90 ہزار روپے تھی۔ محمد اکمل کے مطابق چوری کی شکایت سوسائٹی کے ذمہ داران سے کی گئی ہے۔ انھوں نے یقین دلایا ہے کہ بکرے کو جلد برآمد کر لیا جائے گا اور قصورواروں کو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکورٹی گارڈ جلد پکڑ لیں گے۔