آسام میں گزشتہ دنوں پولس اور مقامی لوگوں کے درمیان ہوئے تصادم کے بعد حالات ابھی تک بہتر نہیں ہو پائے ہیں۔ اس درمیان آسام کے دو معصوم بچوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کو ایک خط لکھا ہے جو موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ یہ خط آسام میں ہوئے تصادم کو لے کر نہیں لکھا گیا، بلکہ دونوں بچوں نے اپنے ذاتی مسئلہ کی طرف وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی توجہ مرکوز کرائی ہے۔

دراصل 6 سالہ بچی رئیسہ روجہ احمد اور 5 سالہ بچہ آرین احمد نے وزیر اعظم اور آسام کے وزیر اعلیٰ کو الگ الگ خط بھیجا ہے۔ اس خط میں دونوں نے جس پیارے انداز میں اپنے دودھ کے دانت ٹوٹنے اور پھر نہ نکلنے کی وجہ سے کھانے میں ہو رہی پریشانی کو بیان کیا ہے، اسے لوگ خوب پسند کر رہے ہیں۔ آرین احمد نے لکھا ہے ’’پیارے مودی جی، میرے تین دانت ٹوٹنے کے بعد ابھی تک نہیں آئے۔ دانت نہ ہونے سے مجھے کھانا چبانے میں دقت ہو رہی ہے۔‘‘

دوسری طرف رئیسہ نے وزیر اعلیٰ کو لکھا ہے ’’پیارے ہیمنت ماما، میرے دانت نہیں آ رہے۔ اس وجہ سے مجھے اپنا پسندیدہ کھانا چبانے میں بہت پریشانی ہو رہی ہے۔‘‘ اس پر وزیر اعلیٰ کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’مجھے خوشی ہوگی اگر آپ کے لیے گواہاٹی میں اچھے دانت کے ڈاکٹر کا انتظام کر سکوں، تاکہ ہم آپ کے پسندیدہ کھانے کا مزہ ایک ساتھ لے سکیں۔‘‘