بی سی سی آئی نے 25 اکتوبر کو آئی پی ایل 2022 کے لیے دو نئی ٹیموں کا اعلان کر دیا۔ یہ ٹیمیں ہیں احمد آباد اور لکھنؤ۔ یعنی آئی پی ایل ٹورنامنٹ ایک بار پھر 8 کی جگہ 10 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ساتھ ہی میچوں کی تعداد اور ٹورنامنٹ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کی تعداد بھی بڑھے گی۔ سب سے بڑی بات یہ کہ نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد اگلے سیزن سے بی سی سی آئی کی کمائی میں اضافہ ہوگا۔
جہاں تک لکھنؤ اور احمد آباد فرنچائزی خریدنے والی کمپنی کا سوال ہے، گوینکا گروپ نے لکھنؤ اور سی وی سی کیپٹل پارٹنرس نے احمد آباد کو اپنے نام کیا۔ گوینکا گروپ نے لکھنؤ فرنچائزی 7090 کروڑ روپے میں خریدی، اور احمد آباد کی خریداری کے لیے سی وی سی کیپٹل پارٹنرس نے 5625 کروڑ روپے لگائے۔
آئی پی ایل 2021 میں جب آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا تھا تو مجموعی طور پر 60 میچ کھیلے گئے تھے۔ اب جب کہ ٹیموں کی تعداد 10 ہو گئی ہے، 74 میچ کھیلے جا سکتے ہیں۔ ایسا اس لیے کہ جب 2011 میں دس ٹیمیں کھیلی تھیں تو میچوں کی تعداد 74 ہی تھی۔ بعد میں 9 اور 8 ٹیموں کا ٹورنامنٹ کھیلا گیا جس سے فارمیٹ میں تبدیلی ہوئی تھی۔ اب ایک بار پھر 2011 کے فارمیٹ پر ہی میچ دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ دو نئی ٹیموں کی آمد سے تقریباً 50 نئے کھلاڑیوں کی انٹری بھی آئندہ سیزن میں دیکھنے کو ملے گی۔