لندن سوتھبیز نے مغل دور کے دو نایاب چشموں کی نیلامی کا اعلان کیا ہے جو کہ بہت قیمتی ہیں۔ 17ویں صدی میں تیار کردہ مغل دور کا یہ چشمے ہندوستان کے ایک نامعلوم شاہی خزانے کا حصہ تھے جو آئندہ 27 اکتوبر کو نیلامی کے لیے رکھے جائیں گے۔ ان دونوں چشموں میں سے ایک کی قیمت تقریباً 15 لاکھ پاؤنڈ اور دوسرے کی قیمت 25 لاکھ پاؤنڈ بتائی جا رہی ہے۔

بی بی سی نے اس نیلامی کے تعلق سے شائع رپورٹ میں بتایا ہے کہ مغل دور کے ان دونوں چشموں کے نام بہت دلچسپ ہیں۔ ایک کا نام ’ہَلو آف لائٹ‘ (روشنی کی چمک) اور دوسرے کا نام ’گیٹ آف پیراڈائیز‘ (جنت کا دروازہ) ہے۔ ان دونوں چشموں کو 26 اکتوبر کو لندن سوتھبیز میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا، اور پھر اس کے بعد 27 اکتوبر کو نیلامی ہوگی۔

بتایا جاتا ہے کہ ایک چشمے میں ہیرا لگا ہوا ہے جسے ’ہَلو آف لائٹ‘ نام دیا گیا ہے۔ یہ 200 کیرٹ وزن والے ہیرے سے بنا ہے اور سفید رنگ کا ہے۔ دوسرا چشمہ 300 کیرٹ وزن والے پنّا سے تیار کیا گیا ہے اور ہرے رنگ کا ہے۔ مشرق وسطیٰ اور ہندوستان کے سوتھبیز چیئرمین ایڈورڈ گبس کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جواہرات کے ماہرین اور مورخین کے لیے یہ چشمے چمتکار کی طرح ہیں۔ ان خزانوں کو سامنے لانا اور دنیا کو ان کی تعمیر کے پیچھے کا راز بتانا واقعی حیران و پرجوش کرنے والا ہے۔