یوپی انتخاب میں یوگی آدتیہ ناتھ کی جیت ہونے پر ہندوستان چھوڑ دینے کی قسم کھانے والے کمال راشد خان عرف ’کے آر کے‘ نے ایک بار پھر یو-ٹرن لیتے ہوئے اپنی بات کو جملہ قرار دے دیا ہے۔ دراصل کے آر کے نے 17 فروری کو ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا ’’یوپی انتخاب میں یوگی آدتیہ ناتھ کی ہار نہیں ہوئی تو ہندوستان کبھی نہیں لوٹوں گا۔‘‘
یوپی میں ووٹوں کی گنتی کے دوران جیسے جیسے بی جے پی کی پوزیشن مضبوط ہوتی گئی اور حکومت بنتی نظر آنے لگی تو سوشل میڈیا پر کئی لوگ کے آر کے پر طنز کسنے لگے اور ان سے سوال کرنے لگے کہ کیا اب وہ کبھی ہندوستان نہیں آئیں گے۔ آر جے اور سابق بگ باس امیدوار پریتم سنگھ نے ٹوئٹ کیا ’’ہاہاہا، کے آر کے یہ کیا ہو گیا یوپی میں۔‘‘ اس پر کے آر کے نے جواب دیا ’’بھئی انہوں نے 15 لاکھ کو جملہ کہہ دیا، تو میں بھی ایک وعدے کو تو جملہ کہہ ہی سکتا ہوں۔ ویسے میں باہر ہی ہوں تو شاید ایسا کچھ کرنا نہیں پڑے گا۔‘‘ پریتم نے اس پر کہا ’’آپ کمال ہو بھائی، آپ کے بغیر ٹوئٹر بورنگ ہے۔‘‘
غور طلب ہے کہ کے آر کے سوشل میڈیا پر اپنی اوٹ پٹانگ باتوں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ اپنے منفرد انداز کے دلچسپ ٹوئٹ سے لوگوں کی خوب تفریح بھی کرتے رہے ہیں۔ ویسے اس سے قبل بھی کے آر کے نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے پر ہندوستان چھوڑنے کی بات کہہ کر پلٹی مار چکے ہیں۔