آئی سی سی نے خاتون کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے پہلی بار انڈر-19 خاتون عالمی کپ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو 2023 میں کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ شروع ہو گیا ہے۔ آج کھیلے گئے ایک کوالیفائر مقابلے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے نیپال کو 50 منٹ کے اندر شکست دے دی۔

اس میچ میں دونوں اننگز کو جوڑ کر دیکھیں تو محض 9.2 اوور پھینکے گئے۔ نیپال نے پہلے بلے بازی کی اور 8.1 اوور میں محض 8 رن بنا سکی۔ پھر 9 رن کا ہدف حاصل کرنے اتری یو اے ای نے 7 گیندوں میں ہی فتح کا پرچم لہرا دیا۔ اس پورے میچ میں سب سے زیادہ اسکور تیرتھ ستیش (یو اے ای) کا رہا جنھوں نے ناٹ آؤٹ 4 رن بنائے۔ نیپال کی 6 بلے باز تو صفر سے آگے ہی نہیں بڑھ پائیں۔ سنیہا مہارا نے 10 گیندوں میں سب سے زیادہ 3 رن بنائے۔ منیشا رانا 2 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ دیگر تین بلے بازوں نے 1-1 رن کا تعاون دیا۔ یو اے ای کی طرف سے ماہکا گور نے 4 اوور میں 2 رن دے کر 5 وکٹ، اور اندوجا نندکمار نے 4 اوور میں 6 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔

غور طلب ہے کہ ملیشیا میں منعقد 5 ممالک کے اس ٹورنامنٹ میں متحدہ عرب امارات اور نیپال کے علاوہ تھائی لینڈ، بھوٹان اور قطر کی ٹیمیں شامل ہے۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم آئندہ سال جنوبی افریقہ میں ہونے والی انڈر-19 خاتون ٹی-20 عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرے گی۔