گزشتہ دنوں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیئرمین ایم. جگدیش کمار نے یو جی سی-نیٹ (قومی اہلیتی امتحان) دسمبر 2021 اور جون 2022 کے مشترکہ سیشنز کے لیے امتحان کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ لیکن اس تعلق سے مسلم طلبا تشویش میں مبتلا ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ عیدالاضحیٰ جولائی ماہ کی 10 یا 11 تاریخ کو منایا جائے گا۔ یو جی سی نے نیٹ کے لیے جن تاریخوں کا اعلان کیا ہے وہ 8، 9، 11، 12 جولائی اور 12، 13، 14 اگست ہے۔ یعنی عیدالاضحیٰ اور نیٹ امتحان کی تاریخ (11 جولائی) یکساں ہے۔ اگر عیدالاضحیٰ 10 تاریخ کو ہوتی ہے، تو بھی 11 تاریخ کو مسلم طلبا کے لیے امتحان دینا دشوار گزار ہوگا۔ ایسا اس لیے کیونکہ عیدالاضحیٰ کا تہوار مسلم طبقہ عموماً تین دنوں تک مناتا ہے۔
اس تعلق سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اردو سے منسلک سینئر استاذ اور مشہور ادیب پروفیسر کوثر مظہری نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یو جی سی نے قومی اہلیتی امتحان کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں جولائی کے مہینے میں 8، 9، 11 اور 12 کو امتحانات منعقد ہوں گے۔ 29 کے چاند کے اعتبار سے 10 (جولائی) کو عیدالاضحی ممکن ہے، اور 30 کے اعتبار سے 11 (جولائی) کو۔ ایسی صورت میں مسلم طلبہ کو کافی پریشانی ہوگی۔ بڑے پروفیسر اور صاحب اثر لوگوں کو چاہیے کہ وہ یو جی سی سے بات کر کے امتحانات کی تاریخ بڑھوانے کی کوشس کریں۔‘‘