ٹی-20 عالمی کپ میں امپائرنگ کر رہے انگلینڈ کے مائیکل گف کے ذریعہ ’بایو ببل‘ کی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس غلطی کی وجہ سے انہیں 6 دنوں کے لیے امپائرنگ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ فی الحال مائیکل گف کوارنٹائن میں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 اکتوبر کو گف بغیر اجازت اپنے ہوٹل سے باہر چلے گئے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بایو ببل کے باہر رہنے والے شخص سے ملاقات کی تھی۔ رپورٹ میں آئی سی سی کے ایک ترجمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بایو سیکورٹی ایڈوائزری کمیٹی نے امپائر مائیکل گف کو بایو سیکورٹی پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنے پر 6 دنوں کے لیے آئسولیٹ ہونے کے لیے کہا ہے۔

واضح ہو کہ مائیک گاف ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں امپائرنگ کرنے والے تھے، لیکن اس واقعہ کے بعد انہیں ہٹا دیا گیا۔ ان کی جگہ جنوبی افریقہ کے مرے اریسمس نے امپائرنگ کی۔ ابھی مائیکل گف کی جانچ ہوٹل کے کمرے میں ہی ہو رہی ہے۔ اگر اگلے 6 دنوں تک ان کی سبھی ٹیسٹ رپورٹ نگیٹیو آئیں گی تو انہیں امپائرنگ کی اجازت مل جائے گی۔ بایو ببل کی خلاف ورزی پر آئی سی سی ان کے خلاف کوئی کارروائی کرے گی یا نہیں اس پر ابھی کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ غور طلب ہے کہ کورونا کی وجہ سے بایوببل کا ضابطہ بنایا گیا ہے۔ سبھی کھلاڑیوں اور ٹورنامنٹ سے جڑے لوگوں کو اس ضابطہ پر عمل کرنا ہے۔