آئی پی ایل میں اپنی تیز رفتار گیندوں سے میدان پر وکٹ بٹورنے اور میدان سے باہر سابق کرکٹرس کی واہ واہی بٹورنے والے عمران ملک ہندوستانی ٹیم کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ 9 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی-20 سیریز کا آغاز ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ انھیں ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ لیکن اس سے پہلے بی سی سی آئی نے عمران ملک کی ایک ویڈیو اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے تجربات لوگوں کو بتا رہے ہیں۔ انھوں نے ہندوستانی کوچ راہل دراوڑ کے ساتھ ہوئی اپنی بات چیت کا تذکرہ بھی اس ویڈیو میں کیا ہے۔
عمران ملک نے ویڈیو میں بتایا کہ جب وہ ہندوستانی ٹیم کے لیے منتخب کیے گئے تو یہ ان کا خواب پورا ہونے جیسا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جب راہل دراوڑ سے میری بات ہوئی تو بہت خوشی ہوئی۔ راہل سر نے مجھے یہی کہا کہ جیسا کرتا آ رہا ہے، ویسے ہی کر۔ اچھا ڈال رہا ہے، بس ڈالتے رہ۔‘‘
غور طلب ہے کہ آئی پی ایل میں سنرائزرس حیدر آباد کی طرف سے کھیلنے والے 22 سالہ عمران ملک نے 22 وکٹ حاصل کیے۔ آئی پی ایل میں ان کی رفتار اور وکٹوں کی تعداد نے ہی ہندوستانی ٹیم میں ان کے انتخاب کو یقینی بنایا۔ اب عمران ملک کا کہنا ہے کہ وہ گیند میں تیزی کے ساتھ ساتھ لائن اور لینتھ پر بھی توجہ دینا چاہتے ہیں۔