انڈر-19 عالمی کپ میں اپنے بہترین مظاہرہ کی وجہ سے ہر جگہ تعریف بٹور رہے ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان شیخ رشید آئی پی ایل نیلامی میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔ ایسا اس لیے کیونکہ وہ آئی پی ایل کے طے کردہ معیار پر کھرے نہیں اترتے۔ دراصل آئی پی ایل نیلامی میں انہی کھلاڑیوں کو ترجیح ملتی ہے جن کے پاس کم از کم ایک فرسٹ کلاس میچ یا لسٹ اے میچ کھیلنے کا تجربہ ہو۔ ساتھ ہی ان کی عمر 19 سال ہونی بھی لازمی ہے۔
حالانکہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ سے منسلک کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں کورونا کی وجہ سے زیادہ گھریلو کرکٹ نہیں کھیلے گئے۔ ایسے میں ان نوجوان کھلاڑیوں کو تھوڑی رعایت ملنی چاہیے۔ بورڈ کے سابق افسر رتناکر شیٹی نے بھی اس بات پر اتفاق کیا ہے۔ شیٹی نے کہا ’’یہ ان نوجوان کھلاڑیوں کی بدقسمتی ہے کہ انہوں نے کوئی لسٹ اے مقابلہ نہیں کھیلا۔ ایک سیزن تو کرکٹ بھی نہیں ہوا۔ بورڈ کو کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔‘‘
رنجی ٹرافی کا انعقاد 17 فروری کو ہونے والا ہے۔ لیکن آئی پی ایل نیلامی 12 اور 13 فروری کو ہی ہو جائے گا۔ اس وجہ سے شیخ رشید سمیت انڈر-19 عالمی کپ فاتح ہندوستانی ٹیم کے 8 کھلاڑی پہلے ہی نااہل ہوجائیں گے۔ شیخ رشید کے علاوہ دنیش بانا، روی کمار، نشانت سندھو، سدھارتھ یادو، انگکرش رگھوونشی، مانو پرکاش اور گرو سانگوان وہ کھلاڑی ہیں نیلامی میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔