ہندوستانی وقت کے مطابق انڈر-19 کرکٹ عالمی کپ کا فائنل میچ 5 فروری کو شروع ہوا تھا اور 6 فروری کو جب میچ ختم ہوا تو اسٹیڈیم میں جگہ جگہ ہندوستانی پرچم لہرا رہے تھے۔ یَش دھُل کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے پورے عالمی کپ میں اجتماعی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ فائنل مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کبھی بھی ہارتی ہوئی نظر نہیں آئی۔ پہلے روی کمار (4 وکٹ) اور راج باوا (5 وکٹ) نے انگلینڈ کے بلے بازوں کی کمر توڑ دی، اور پھر جب دوسری ہی گیند پر ہندوستان نے اپنا پہلا وکٹ گنوا دیا تھا تو نائب کپتان شیخ رشید نے آ کر بہترین نصف سنچری کے ذریعہ ٹیم کو مضبوط حالت میں پہنچا دیا۔
انگلینڈ نے فائنل مقابلہ میں 44.5 اوور میں 189 رن بنائے تھے جو ہندوستان کے لیے کبھی بھی مشکل ثابت نہیں ہوا۔ حالانکہ پہلا وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گیا تھا، لیکن ہرنور (21 رن) اور رشید (50 رن) نے بہترین شراکت داری کی۔ پھر جب کپتان دھُل (17 رن) آؤٹ ہوئے تو نشانت سِندھو (ناٹ آؤٹ 50 رن) اور راج باوا (35 رن) نے ہندوستان کو آسان شکست کی طرف گامزن کر دیا۔ کشل تامبے حالانکہ محض 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن وکٹ کیپر دنیش بانا (ناٹ آؤٹ 13 رن) دو لگاتار چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ یہ جیت ہندوستانی ٹیم کے مینٹر وی وی ایس لکشمن کے لیے ’ویری ویری اسپیشل‘ تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔