امریکی سائنسدانوں کے سر ایک ایسی روشنائی دریافت کرنے کا سہرا سجا ہے جو عمارتوں کی تعمیر میں ایک نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔ یہ ایسی روشنائی ہے جو عمارت میں مضر جراثیم اور گیسوں کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ کئی طرح کے نقصانات سے بھی بچا سکتی ہے۔ حالانکہ فی الحال اس روشنائی کا بڑے پیمانے پر استعمال ممکن نہیں ہے کیونکہ پروڈکشن بہت آسان نہیں۔

کچھ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں میں بتایا گیا ہے کہ کئی خصوصیات پر مبنی یہ روشنائی امریکہ کی میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے منسلک سائنسدانوں نے دریافت کی ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے اویناش باسوانہ کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے بتایا کہ مذکورہ روشنائی مختلف اقسام کے بیکٹیریا پر مشتمل ہے جو شعوری طور پر ماحول کے مطابق رد عمل کرتی ہے۔ یعنی عمارتوں میں موجود مضر جراثیم کا یہ روشنائی خاتمہ کر دے گی۔

روشنائی کے بارے میں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس میں جینیاتی تبدیل شدہ ’ای کولائی بیکٹریا‘ ملانے سے یہ روشنائی زہریلے مرکبات کو ختم کرتی ہے۔ اتنا ہی نہیں، اگر دیوار اور دروازوں پر اسے لگا دیا جائے تو پلاسٹک میں پائے جانے والے مادے ’بسفینول اے‘ کو بھی ختم کر دیتی ہے۔ غور طلب ہے کہ ’بسفینول اے‘ کینسر اور بے اولادی کی وجہ بنتا ہے۔ خبروں کے مطابق سائنسدانوں نے روشنائی کے مثبت اثرات کو جان لیا ہے، لیکن ابھی تک اس روشنائی کی بڑے پیمانے پر تیاری کو ممکن نہیں بنایا جا سکا ہے۔