ہندوستانی ٹیم کے ہونہار بلے باز شریئس ایّر بنگلورو ٹیسٹ میں 92 رن بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے اور سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ شریئس حالانکہ سنچری تو نہیں بنا سکے لیکن نہ چاہتے ہوئے بھی انہوں نے ایک خاص لسٹ میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ دراصل ٹیسٹ کرکٹ میں ایّر 90 یا اس سے زیادہ رن بنانے کے بعد اسٹمپ آؤٹ ہونے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس لسٹ میں عظیم کھلاڑی دلیپ وینگسرکر، سچن تندولکر اور ویریندر سہواگ پہلے سے ہی شامل ہیں۔
90 یا اس سے زیادہ رن بنا کر اسٹمپ ہونے والے ہندوستان کے سب سے پہلے کھلاڑی تھے دلیپ وینگسرکر۔ وہ 1987 میں چنئی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف 96 رن بنا کر اسٹمپ ہو گئے تھے۔ دوسرا نمبر سچن تندولکر کا آتا ہے جو 2001ء میں انگلینڈ کے خلاف 90 رن کے اسکور پر ایشلے جائلس کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تھے۔ یہ پہلی اور آخری بار تھا جب سچن کسی ٹیسٹ میں اسٹمپ ہوئے تھے۔ تیسرے بلے باز ویریندر سہواگ 2010 میں سری لنکا کے خلاف 99 رن بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تھے۔
بہرحال، شریئس ایّر کے بنگلورو کی مشکل پچ پر بنائے گئے 92 رن ٹیم کے لیے کافی اہم رہے۔ ساتھ ہی اس اننگ کے دوران ایّر نے اپنے 300 ٹیسٹ رن بھی مکمل کر لیے۔ انہوں نے اپنے یہ 92 رن صرف 98 گیندوں میں 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے بنائے۔ شریئس اب تک 4 ٹیسٹ میچوں میں 2 نصف سنچری اور 1 سنچری بنا چکے ہیں۔