یوپی اسمبلی انتخاب 2022 کے لیے تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی چھوٹی بڑی سیاسی پارٹیوں کی میٹنگیں شروع ہو گئی ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی بھی آج میٹنگ کرنے والی ہیں۔ میٹنگ میں پارٹی امیدواروں کے ناموں پر حتمی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق مایاوتی نے اب تک 300 سے زائد اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدوار کا نام فائنل کر لیا ہے۔ کئی امیدواروں کو تو ان کے اسمبلی حلقہ میں کام کرنے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔
اس درمیان دلچسپ خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ مایاوتی نے اسمبلی انتخاب میں مسلم امیدواروں پر داؤ کھیلنے کا ارادہ کیا ہے۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع سے ملی خبر کے مطابق مایاوتی نے ابھی تک جتنے امیدواروں کا نام فائنل کیا ہے، ان میں مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ دوسرے نمبر پر برہمن امیدواروں کا نمبر ہے۔ علاوہ ازیں او بی سی امیدواروں کو بھی بڑی تعداد میں امیدوار بنائے جانے کا منصوبہ ہے۔
آج ہونے والی میٹنگ میں مایاوتی بیشتر امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کر سکتی ہیں۔ امکان یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میٹنگ میں مایاوتی قریبی سپہ سالاروں سے امیدواروں کی اپنی فہرست پر تبادلہ خیال کریں گی۔ اگر ضرورت پڑی تو ان میں سے کچھ نام کاٹے بھی جا سکتے ہیں۔ غور طلب ہے کہ الیکشن کمیشن نے یوپی میں اسمبلی انتخاب 7 مراحل میں کرائے کا اعلان کیا ہے۔ انتخابی نتیجہ 10 مارچ کو برآمد ہوگا۔