یوپی میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ حالانکہ پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس بھی اپنی مضبوط دعویداری پیش کر رہی ہے۔ اس درمیان ’گلابی گینگ‘ کی لیڈر سمپت پال دیوی نے ایک ایسا بیان دیا ہے جس سے کانگریس لیڈران و کارکنان میں ایک نیا جوش پیدا ہوگا، لیکن بی جے پی، سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی وغیرہ کو جھٹکا لگا ہے۔ انھوں نے کانگریس کے ذریعہ 40 فیصد ٹکٹ خواتین کے لیے مختص کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

دیوی کہتی ہیں ’’پرینکا جی اگر کچھ کہتی ہیں تو اس پر عمل بھی کرتی ہیں۔ کانگریس واحد حکومت ہے جس نے شروعات میں غریبوں کے بارے میں بات کی تھی۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’آج جو بھی ہے سب کانگریس کا کیا ہوا ہے۔ نئے پروجیکٹ کانگریس حکومت نے بنائے ہیں، دیگر حکومتیں صرف ان کے نام پر پروجیکٹ شروع کرتی ہیں۔ دوسری طرف مودی ایسے کام کرتے ہیں جیسے انھوں نے سبھی مسائل کا حل نکال دیا ہو۔‘‘

واضح رہے کہ ’گلابی گینگ‘ شمالی ہندوستان میں خواتین کا ایک مشہور گروپ ہے۔ اس کی تشکیل 2006 میں یوپی کے باندہ ضلع میں ہوئی تھی جو خواتین پر مظالم کے خلاف لڑتی ہے۔ اس گروپ کی خواتین چمکیلی گلابی رنگ کی ساڑی پہنتی ہیں اور سماجی برائیوں کے خلاف متحد ہو کر لڑتی ہیں۔ فلم ’گلاب گینگ‘ اسی گروپ سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی۔