اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین نے 100 اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن کچھ چھوٹی پارٹیوں سے اتحاد کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ مجلس 80 سیٹوں پر اپنا امیدوار اتار سکتی ہے۔ 27 امیدواروں کی فہرست اب تک جاری ہو چکی ہے اور غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ان میں 4 غیر مسلم امیدوار ہیں۔ یعنی سخت گیر مسلم لیڈر کی شبیہ رکھنے والے اویسی کی پارٹی دوسرے مذاہب کے درمیان بھی اپنی شناخت قائم کرنا چاہتی ہے۔
مجلس نے اب تک جن چار غیر مسلم امیدواروں کو یوپی میں اتارا ہے ان کے نام ہیں ونود جاٹو، پنڈت مدن موہن جھا، بھیم سنگھ بالیان اور وکاس شریواستو۔ ونود جاٹو کو میرٹھ کی ہستناپور سیٹ سے موقع دیا گیا ہے۔ یہ درج فہرست ذات کے لیے محفوظ سیٹ ہے اور ونود جاٹو دلت سماج سے تعلق رکھتے ہیں۔ پنڈت مدن موہن جھا کو غازی آباد ضلع کی صاحب آباد اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ ملا ہے۔ ان کا تعلق برہمن سماج سے ہے۔
بھیم سنگھ بالیان کو مجلس نے مظفر نگر ضلع کی بڈھانا اسمبلی سیٹ سے موقع دیا ہے۔ بھیم سنگھ جاٹ طبقہ سے آتے ہیں اور اس سیٹ پر جاٹ ووٹروں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ مجلس کے چوتھے غیر مسلم امیدوار وکاس شریواستو کو بارابنکی ضلع کی رام نگر اسمبلی سیٹ سے اتارا گیا ہے۔ کایستھ طبقہ سے تعلق رکھنے والے وکاس اپنی جیت کو لے کر کافی پرامید نظر آ رہے ہیں۔