بی جے پی مخالفین اکثر انتخابات میں مسلم امیدوار نہ اتارے جانے کو لے کر پارٹی کو ہدف تنقید بناتے رہے ہیں۔ لیکن اتر پردیش میں اب بی جے پی اپنا کچھ الگ ہی انداز لوگوں کے سامنے پیش کرنے والی ہے۔ ریاست کے بلدیاتی انتخاب میں بی جے پی نے مشن ’بھائی جان‘ چلانے کا ارادہ کر لیا ہے اور اسے پوری امید ہے کہ اس میں وہ کامیاب بھی ہوگی۔ دراصل بی جے پی لگاتار مسلمانوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی کے تحت اس مرتبہ بلدیاتی انتخاب میں کچھ مسلم امیدوار کو اتارنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
بی جے پی کے برج علاقہ کے چیف رجنی کانت ماہیشوری کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ برج علاقہ کے 157 بلدیات میں بی جے پی تقریباً 20 سیٹوں پر مسلم امیدوار اتارنے والی ہے۔ مثلاً نیوریا (پیلی بھیت)، بھرگین (کاسگنج)، کوڈیاگنج (علی گڑھ) قصبہ وغیرہ ایسے بلدیے ہیں جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں اور بی جے پی ایسی سیٹوں پر مسلم امیدوار اتارنے والی ہے۔
دراصل اتر پردیش کے بلدیاتی انتخاب میں بی جے پی مسلمانوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتی ہے۔ اس کے لیے نئی پالیسی پر کام شروع ہو چکا ہے۔ اس کے تحت بی جے پی ان سیٹوں پر مسلم امیدوار اتارے گی جہاں مسلم ووٹرس کی تعداد 80 فیصد یا اس سے زیادہ ہے۔ یعنی بی جے پی ’بھائی جان‘ کو اپنے قریب لا کر خود کو مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔