گیا واقع قدیم وشنوپد مندر کے ’گربھ گرہ‘ میں بہار کے وزیر محمد اسرائیل منصوری داخل کیا ہوئے، ایک زبردست ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ دراصل وہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ اس مندر کے گربھ گرہ میں داخل ہو گئے، اور اب بی جے پی کے ساتھ ساتھ مندر انتظامیہ نے بھی محمد اسرائیل منصوری کے خلاف کارروائی کی بات کہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مندر کے باہر لگے پوسٹر میں صاف لکھا ہے کہ غیر ہندوؤں کا داخلہ ممنوع ہے۔ اس کے باوجود محمد اسرائیل وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ گربھ گرہ تک پہنچ گئے۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ وشنوپد مندر میں اس طرح مسلم لیڈر کا داخل ہونا ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کرنے والا عمل ہے۔ اس سلسلے میں مندر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا جب کوئی مسلم مندر میں قصداً داخل ہوا ہو۔ اس واقعہ کی خبر بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی لوگ محمد اسرائیل منصوری پر ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل منصوری کے مندر میں داخل ہونے کے بعد وہاں کی صاف صفائی کی گئی ہے۔ وشنوپد انتظامیہ کمیٹی کے سربراہ شمبھولال وِٹھل نے بتایا کہ ’’محمد اسرائیل نئے وزیر بنے ہیں، انھیں کوئی پہچانتا نہیں تھا، اس لیے کسی نے نہیں روکا۔ نتیش کمار کی ذمہ داری تھی کہ وہ وزیر کے بارے میں مندر کو پہلے سے جانکاری دیتے۔ ہم لوگوں نے بھوگ لگانے سے پہلے مندر کو دھلوا دیا ہے۔‘‘