تیونیشیا میں طلاق کی خواہش رکھنے والے لوگوں کی امداد کرنے والا ایک آن لائن پلیٹ فارم تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ تنازعہ کی وجہ اس کے ذریعہ پیش کردہ ایک اشتہار ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’1200 دینار میں ملے گا طلاق، کوئی ہڈین کوسٹ (چھپی ہوئی رقم) نہیں‘۔ اشتہار سے ناراض لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ آن لائن پلیٹ فارم شادی شدہ جوڑوں کو الگ ہونے کے لیے حوصلہ بخشنے کا عمل انجام دے رہا ہے۔ یہ رشتوں کو توڑنا آسان بنائے گا جس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتہ tala9.com میں کام کرنے والے کئی افراد تیونیشیا کی سڑکوں پر ہورڈنگز کے ساتھ اترے تھے۔ ان ہورڈنگز پر لکھا ہوا تھا ’طلاق، آپ فیصلہ لیں، ہم قدم اٹھاتے ہیں‘۔ کئی لوگوں نے اس طرح کی لائنوں کو شادی شدہ جوڑوں کو الگ ہونے کے لیے اُکسانے والا بتایا ہے۔ طلاق کے لیے تیار کیے گئے اس نئے پلیٹ فارم سے متعلق تیونیشیا کے بار ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ ’’یہ ناقابل قبول ہے اور خاندان کے لیے خطرہ ہے۔‘‘
طلاق سے متعلق پہلی تیونیشیائی ویب سائٹ ہونے کا دعویٰ کرنے والی tala9.com کی کوششوں کو بار ایسو سی ایشن کے چیف ہیٹم مزیو نے بھی شدید طور پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اس سروس کو ایک ایسا گھوٹالہ ٹھہرایا ہے جو قانونی پیشے کو کمزور کرتا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ tala9.com پلیٹ فارم ان وکلاء کا استعمال کرتا ہے جو رجسٹرڈ نہیں ہیں۔