الطاف شیخ نے یو پی ایس سی 2020 میں کامیابی کا پرچم لہرا کر اپنے خاندان اور علاقہ کا نام روشن کر دیا۔ ایک وقت تھا جب وہ اسکول میں چائے، بھجیا اور پکوڑا فروخت کر اپنا پیٹ پالتے تھے۔ پھر دھیرے دھیرے ترقی کا زینہ چڑھتے رہے اور آج آئی پی ایس بن گئے۔ اپنی سخت محنت اور کوششوں سے الطاف شیخ نے ثابت کر دیا کہ کوئی بھی کام ناممکن نہیں۔
مہاراشٹر میں پونے ضلع کے کاٹے واڑی سے تعلق رکھنے والے الطاف کی کہانی جدوجہد اور مسائل سے بھری ہے۔ دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والے الطاف نے گھر کی حالت خستہ ہونے کے باوجود آئی پی ایس بن کر اپنے والدین کا خواب پورا کیا۔ اس سے قبل وہ سنٹرل پبلک سروس کمیشن کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ بنے تھے، پھر سخت محنت کرتے ہوئے یو پی ایس سی 2020 میں کامیابی حاصل کر حوصلے کی ایک نئی داستان لکھ دی۔
بارامتی تعلقہ کے پہلے آئی پی ایس افسر الطاف شیخ نے اسلام پور کے نوودے ودیالے سے تعلیم حاصل کی ہے۔ انھوں نے فوڈ ٹیکنالوجی میں بی اے کیا، اور پھر عثمان آباد میں انٹلیجنس افسر بنے۔ بعد ازاں وہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور سنیترا پوار کی پیش قدمی پر دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے میں مدد کرنے کے مقصد سے قائم ’راشٹروادی کیریئر اکادمی‘ سے منسلک ہوئے۔ اب جب کہ الطاف آئی پی ایس بن گئے ہیں تو اکادمی میں خوشی اور جشن کا ماحول ہے۔