نئی دہلی: اردو کے معتبر شاعر، نقاد اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبۂ اردو کے استاد ڈاکٹر راشد انور راشد کے ناگہانی انتقال پر اردو اساتذہ اکادمی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اساتذہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ 25 سے زائد کتابوں کے مصنف اور مختلف اعزازات و انعامات سے نوازے گئے ادیب ڈاکٹر راشد انور راشد کا آبائی وطن رانچی، جھارکھنڈ تھا اور طویل علالت کے بعد ممبئی میں ان کا انتقال 7 اپریل 2024 کو ہوا۔
پروفیسر شہزاد انجم، ڈائریکٹر اردو اساتذہ اکادمی نے ڈاکٹر راشد انور راشد کی رحلت پر اظہارِ غم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے عہد کے اہم ادیب تھے۔ وہ اپنی شاعری اور تنقید کی وجہ سے ادبی حلقوں میں ایک خاص شناخت رکھتے تھے۔ شاعری سے انھیں عشق تھا اور تنقید سے ان کی گہری وابستگی تھی۔ وہ ایک بہترین انسان تھے اور ان کے یہاں بے پناہ شخصی خوبیاں تھیں۔ وہ میرے قریبی دوستوں میں تھے، ان کے اچانک گزر جانے کا مجھے شدید صدمہ پہنچا۔
شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے استاد پروفیسر کوثر مظہری نے فرمایا کہ راشد انور راشد اردو شعر و ادب کا ایک نمایاں نام ہے۔ ان کا اچانک چلے جانا میرے لیے ذاتی نقصان ہے۔ وہ ایک باصلاحیت، وضعدار اور منکسر المزاج انسان تھے۔ ان کے مزاج میں تھا کہ وہ کسی کی دل آزاری نہیں کر سکتے تھے۔ دعا گو ہوں اللہ انھیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے۔ ڈاکٹر راشد انور راشد کے انتقال پر ڈاکٹر واحد نظیر، ڈاکٹر حناآفریں اور ڈاکٹر نوشاد عالم نے بھی اظہارِ تعزیت کیا۔