ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت امریکہ کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ دورہ کے پہلے دن انھوں نے ہند نژاد امریکی لیڈر اور امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کو وزیر اعظم نے یادگار بناتے ہوئے کملا ہیرس کو کچھ ایسے تحائف پیش کیے جس نے انھیں جذباتی کر دیا۔ دراصل کملا ہیرس کے دادا کا نام پی وی گوپالن تھا جو کہ ہندوستانی باشندے تھے۔ وہ سینئر افسر رہ چکے ہیں اور انھوں نے ہندوستان میں مختلف عہدوں پر کام کیا۔ پی وی گوپالن سے جڑے کچھ نوٹیفکیشن کو وزیر اعظم مودی نے بطور تحفہ کملا ہیرس کے سامنے پیش کیا جسے انھوں نے بصد خلوص قبول کیا اور جذباتی ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں۔

بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نے کملا ہیرس کے دادا سے جڑے نوٹیفکیشن کو دست کاری کی شکل میں انھیں تحفے میں دیا۔ یہ لکڑی سے تیار بہترین دست کاری کا ایک نمونہ معلوم پڑ رہا تھا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے امریکی نائب صدر کو گلابی میناکاری شطرنج کا ایک سیٹ بھی تحفہ میں دیا۔ گلابی میناکاری کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ دنیا کے سب سے قدیم شہروں میں سے ایک کاشی کی خصوصیات میں سے ایک ہے۔ اس خاص شطرنج سیٹ کے ہر ٹکڑے پر دست کاری کی گئی ہے۔ ہندوستانی وزیر اعظم نے امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس سے ملاقات کے دوران انھیں ہندوستان مدعو بھی کیا اور ہند-امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا۔