اتر پردیش کے ضلع غازی آباد واقع مودی نگر میں جمعرات کی دیر شام خوب ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو افراد نے ایک امام مسجد کو دوڑا دوڑا کر پیٹا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں نوجوان شراب کے نشے میں تھے، اور انھوں نے امام مسجد کے ساتھ ساتھ ایک پھیری والے کو بھی بری طرح پیٹا۔ اس معاملے میں دیر شب مسلم طبقہ کے لوگوں نے مودی نگر تھانہ پہنچ کر ناراضگی ظاہر کی اور رپورٹ درج کر قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام امامِ مسجد کسی کام سے بدانا سوندا مارگ پر جا رہے تھے۔ اچانک شراب کے نشے میں ڈوبے دو نوجوانوں نے ان کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بدمعاشوں نے فرقہ واریت پر مبنی الفاظ کا بھی استعمال کیا۔ وہاں سے گزر رہے کچھ لوگوں نے امامِ مسجد اور پھیری والے کو بچانے کی کوشش کی، لیکن شرپسندوں نے ایک نہیں سنی اور لگاتار مار پیٹ کرتے رہے۔
اس واقعہ پر علاقہ کے مسلمانوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ بڑی تعداد میں مسلم طبقہ مودی نگر تھانہ پہنچ کر مار پیٹ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف سنگین دفعات میں رپورٹ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ تھانہ انچارج یوگیندر سنگھ نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی، تب ناراض افراد گھر واپس گئے۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ تحریر کی بنیاد پر رپورٹ درج کر سخت کارروائی کی جائے گی۔