سنٹرل دہلی واقع سیوک سنٹر میں 28 اگست کو اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی کا شو ہونا تھا۔ لیکن دہلی پولس نے اس پروگرام کے انعقاد کی اجازت دینے سے منع کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دہلی پولس کی لائسنسنگ یونٹ نے سنٹرل ڈسٹرکٹ پولس کی رپورٹ کی بنیاد پر شو کی اجازت سے انکار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شو سے علاقے کی مذہبی خیرسگالی پر برا اثر پڑے گا۔
غور طلب ہے کہ 25 اگست کو وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے پولس کمشنر سنجے اروڑا کو ایک خط لکھ کر منور فاروقی کے پروگرام کو کینسل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ وی ایچ پی کا کہنا تھا کہ ہندو دیوی دیوتاؤں پر منور کے جوکس کی وجہ سے بھاگیہ نگر (حیدر آباد) میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوئی۔ ساتھ ہی وی ایچ پی نے خط میں متنبہ کیا تھا کہ اگر شو کینسل نہیں ہوا تو وہ اور بجرنگ دل مظاہرہ کریں گے۔ اب جبکہ منور فاروقی کو شو کرنے کی اجازت نہیں ملی ہے، تو کہا جا سکتا ہے کہ وی ایچ پی کی دھمکی کامیاب ہو گئی ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے جب منور فاروقی کا شو کینسل ہوا۔ گزشتہ 20 اگست کو بنگلورو میں ہونے والا شو بھی کینسل ہو گیا تھا۔ جئے شری رام سینا نے منور اور پروگرام آرگنائزر کے خلاف بنگلورو پولس میں شکایت درج کرائی تھی۔ بعد ازاں پولس نے شو کی اجازت سے منع کر دیا تھا۔ حالانکہ گزشتہ ہفتہ حیدر آباد میں سخت سیکورٹی کے درمیان منور فاروقی کا شو منعقد ہوا تھا۔