ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 24 اکتوبر کو کھیلا گیا میچ پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے بہت اہم ثابت ہوا۔ یہ ان کے لیے کبھی نہ بھولنے والا میچ تھا کیونکہ عالمی کپ میں پہلی بار پاکستان نے ہندوستان کو ہرایا۔ اس میچ کا ہر لمحہ پاکستانیوں کو عرصہ دراز تک یاد رہے گا۔ اب میچ کے دوران کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک پاکستانی کھلاڑی نماز پڑھتا نظر آ رہا ہے۔ یہ کھلاڑی کوئی اور نہیں، پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہیں۔

سوشل میڈیا پر محمد رضوان کی اس ویڈیو کو شعیب اختر سمیت کئی لوگوں نے پوسٹ کی ہے۔ ویڈیو اس وقت کی ہے جب ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت ہندوستانی اننگ کو مشکل وقت سے نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ جب ڈرنک کا وقت آیا تو سبھی کھلاڑی منصوبہ بندی میں مصروف تھے، اور رضوان نماز پڑھنے میں۔ شعیب اختر نے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’اللہ اس سر کو کسی اور کے آگے جھکنے نہیں دیتا جو اس کے سامنے جھکتا ہے۔ سبحان اللہ۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ رضوان نے ہندوستانی بلے بازی کے دوران وکٹ کے پیچھے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ پھر جب انھوں نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کے ساتھ بلے بازی شروع کی تو آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ رضوان نے 79 رن اور بابر نے 68 رن بنائے۔ دونوں پاکستان کو میچ جتا کر ہی میدان سے واپس لوٹے۔