امریکی صدر جو بائیڈن کے لیے سائیکلنگ کا مزہ لینا اس وقت بھاری پڑ گیا جب وہ کئی لوگوں کے سامنے گر پڑے۔ واقعہ امریکہ کے ڈیلاویئر ریاست کا ہے جہاں امریکی صدر اور ان کی بیگم جِل بائیڈن الگ الگ سائیکل پر سوار تھے۔ ساتھ میں کچھ دیگر افسران بھی سائیکل چلا رہے تھے۔ ایک جگہ پر کچھ مقامی شہری اور میڈیا کے اہلکار ان کا استقبال کرنے کے لیے کھڑے تھے۔ جب بائیڈن نے سائیکل روکی اور پھر اس پر سے اترنا چاہا تو پیڈل میں پاؤں پھنس گیا جس کی وجہ سے وہ لڑکھڑا کر گر گئے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں جو بائیڈن گرنے کے بعد خود سے اٹھتے ہوئے بھی دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ کچھ لوگ بھی انھیں اٹھنے میں مدد دینے کے لیے آگے آئے۔ پھر امریکی صدر نے فوراً وہاں موجود لوگوں سے کہا ’’میں بالکل ٹھیک ہوں، پریشان نہ ہوں۔‘‘ امریکی صدر کی بات سننے کے بعد وہاں موجود افسران اور شہری مطمئن ہوئے۔ حالانکہ اس دوران کچھ لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بھی دیکھنے کو ملی۔

غور طلب ہے کہ جو بائیڈن ایک بار اپنی تقریر کے بعد کسی سے ہاتھ ملاتے ہوئے نظر آئے تھے، لیکن سامنے میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ یہ ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ وہ کسی سے ہاتھ ملانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور پھر وہ تھوڑا کشمکش میں بھی نظر آئے۔ بعد میں وہ اسٹیج سے دوسری طرف نکل گئے۔