کرکٹ میں فیب-4 کا انتخاب عام سی بات ہے۔ اس لسٹ میں موجودہ وقت کے 4 بہترین کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ حالیہ دور میں ہر کسی کے فیب-4 میں اسٹیون اسمتھ، جو روٹ، کین ولیمسن، وراٹ کوہلی کا نام شامل ہوتا ہے۔ کچھ لوگ اس فہرست میں بابر اعظم کا نام بھی شامل کر رہے ہیں۔ لیکن ہندوستان کے سابق بلے باز ونود کامبلی کا فیب-4 اس معاملے سب سے جدا ہے۔ ان کی لسٹ میں کوہلی تو ہیں لیکن اسمتھ، روٹ، ولیمسن اور بابر جیسے کھلاڑی نظر نہیں آ رہے۔
دراصل سچن تندولکر کے آفیشیل ایپ 100MB پر کرکٹ کے فیب-4 سے متعلق ایک سوال کیا گیا کہ ’’کرکٹ میں آپ کے فیب-4 کون ہیں؟‘‘ اس سوال کا کئی سابق کرکٹر اور کرکٹ شائقین نے جواب دیا۔ ونود کامبلی نے اس سوال پر سب سے منفرد جواب دیتے ہوئے اپنے فیب-4 میں اسمتھ، ولیمسن اور روٹ کو جگہ نہیں دی بلکہ وراٹ کوہلی کے ساتھ سنیل گواسکر، ویوین رچرڈس اور سچن تندولکر کو شامل کیا۔
کامبلی کے جواب کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے اپنا آل ٹائم فَیب-4 منتخب کیا ہے۔ اس لسٹ میں 70-80 کی دہائی کے دو بلے باز اور 90 کی دہائی کے ایک بلے باز کو شامل کیا گیا ہے۔ موجودہ وقت کے بہترین بلے بازوں میں شمار وراٹ کوہلی اس میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ کامبلی کے اس انوکھے جواب کے بعد ہو سکتا ہے کہ اب آل ٹائم فیب-4 انتخاب کرنے کا چلن شروع ہو جائے۔