ایکواڈر کی ایک جیل میں دو گروپ کے درمیان تصادم کا ایک انتہائی ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں کم و بیش 116 قیدیوں کی موت ہو گئی ہے۔ ایکواڈور کے صدر نے 116 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر 80 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جیل میں خطرناک حالات کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 400 سے زائد پولس اہلکار جیل میں داخل ہو گئے ہیں تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔

جیل افسران نے اس واقعہ کو ایکواڈور میں جیل کے اندر اب تک ہوا سب سے خوفناک خون خرابہ قرار دیا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ تشدد میں مارے گئے کم از کم پانچ لوگوں کے سر جسم سے الگ ملے۔ جو کچھ بھی جیل میں ہوا وہ تکلیف دہ ہے۔ یہ معاملہ گوایاکوئل واقع لٹورل جیل کا ہے جہاں بدھ کے روز حالات انتہائی خراب ہو گئے۔ ایکواڈور کے صدر گلیرمو لاسو کے ذریعہ فوری طور پر ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا تاکہ پولس اور فوجی جوان جیل کے اندر داخل ہو سکیں۔

صدر گلیرمو لاسو نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جیل میں جو کچھ بھی ہوا وہ انتہائی برا اور تکلیف دہ ہے۔ لاسو کا کہنا ہے کہ ’’یہ افسوسناک ہے کہ جیل مجرمانہ گروہوں کی بالادستی کی لڑائی کا میدان بن گئی ہے۔ لٹورل جیل میں حالات کو معمول پر لانے اور تشدد کو دیگر جیلوں تک پھیلنے سے روکنے کے لیے عزم کے ساتھ کام کیا جائے گا۔‘‘