وراٹ کوہلی نے کچھ دن قبل ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی-20 عالمی کپ کے بعد ٹی-20 کی کپتانی چھوڑ دیں گے، اور آج انھوں نے رواں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کی کپتانی چھوڑنے کا بھی اعلان کر دیا۔ آر سی بی کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو جاری کیا گیا ہے جس میں انھوں نے آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں کپتانی سے سبکدوشی کی بات کہی، لیکن ساتھ ہی اپنی ایک خاص خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ آخر میچ تک بنگلور کے لیے ہی کھیلنا چاہتے ہیں۔
جاری ویڈیو میں کوہلی نے کہا ہے کہ ’’آر سی بی کے کپتان کی شکل میں یہ میرا آخری سیزن ہے۔ میں نے مینجمنٹ سے آج شام بات کی، یہ میرے ذہن میں کچھ وقت سے چل رہا تھا۔ میں نے اپنا وَرک لوڈ، جو گزشتہ کافی سال سے بہت زیادہ تھا، کو مینیج کرنے کے لیے حال ہی میں ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔‘‘
ویڈیو میں کوہلی آگے کہتے ہیں کہ ’’جو ذمہ داریاں مجھے ملی تھیں، انھیں نبھانے کے لیے میں پرجوش رہنا چاہتا تھا۔‘‘ انھوں نے ویڈیو میں ایک اہم جانکاری یہ بھی دی کہ ’’اگلے سال بڑی نیلامی ہے اور آر سی بی بدلاؤ کے دور سے گزرے گی۔ لیکن میں نے مینجمنٹ سے کہہ دیا ہے کہ میں کسی دیگر ٹیم کے لیے کھیلنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔‘‘