ٹی-20 کی کپتانی چھوڑنے والے وراٹ کوہلی وَن ڈے میچوں کی کپتانی نہیں چھوڑنا چاہتے تھے، لیکن بی سی سی آئی نے انہیں ایک اور موقع دینے کے بجائے برطرف کر دیا۔ دراصل وراٹ کوہلی کی دلی تمنا تھی کہ ان کی قیادت میں ہندوستان کوئی آئی سی سی ٹرافی جیتے اور ان کے پاس 2023 میں ہونے والے 50 اوورس کے عالمی کپ کی شکل میں سنہریٰ موقع تھا۔ لیکن بی سی سی آئی اپنا الگ منصوبہ بنا چکا ہے جس میں وراٹ کوہلی کپتان کے طور پر فٹ نہیں بیٹھے۔

ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کوہلی کو باعزت طور پر وداع کرنا چاہتا تھا۔ اس کے لیے کوہلی کو 48 گھنٹے کا وقت بھی دیا گیا تاکہ وہ اپنی مرضی سے کپتانی چھوڑ سکیں۔ لیکن کوہلی نے بورڈ کی شرط ٹھکرا دی جس کے بعد انہیں وَن ڈے کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا۔

ساڑھے چار سال تک ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کرنے والے وراٹ کوہلی کا 95 میں سے 65  وَن ڈے میچ جیت کر ریکارڈ کافی بہتر رہا، لیکن اس دوران وہ ہندوستان کو ایک بھی آئی سی سی ٹرافی نہیں جتا سکے۔ اس کا صرف انہیں ہی نہیں، ان کے شیدائیوں کو بھی ملال ہے۔ 2017 میں چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ملی تھی، اس کے بعد 2019 کے عالمی کپ میں ہندوستان کی سیمی فائنل میں شکست ہوئی، اور پھر 2021 کے ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گیا۔